وجئے پور،20؍مئی (ایس او نیوز) متنازعہ بیانات کے ذریعے میڈیا کی سرُخیوں میں جگہ بنانے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی بسوراج پاٹل یتنال نے پھر ایک بار اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ یڈی یورپا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقلیتوں کی ترقیات کے لئے 1500 کروڑ روپئے کا جو فنڈ مختص کیا ہے اُسے منسوخ کرکے دیش پریمیوں کو ویکسین فراہم کرنے کے لئے اُس رقم کا استعمال کیا جائے، اسی طرح انہوں نے چرچ کی تعمیر کے لئے جاری کئے گئے 200 کروڑ روپئے بھی منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یتنال نے وزیر اعلیٰ یڈی یورپا پر نشانہ تاکتے ہوئے کہا کہ گھرمیں خاموش بیٹھے رہنے کی بجائے انہیں سرکاری کاموں میں سرگرم حصہ لینا چاہئے ورنہ وزیراعلیٰ کی کرسی کو خالی کردینا چاہئے۔
وجئے پور میں اخباری نمائندو ں سے بات چیت کے دوران یتنال نے ایڈی یورپاسے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ” آپ صرف جندال کمپنی کوزمین دینے کے لیے کرسی پرنہ بیٹھیں۔ اگر آپ سے کام نہیں ہورہاہے تو عہدہ سے استعفیٰ دے دیں۔وزارت اعلیٰ کی کرسی سے اترتے ہوئے اچھاکام کرکے جائیں۔ صرف لوٹ کھسوٹ ہی کام نہیں ہے۔جعلی منصوبے اوراسکیموں کے اعلان سے گریزکریں۔
انہوں نے کہاکہ ریاست میں کوروناکی تیسری لہرپرقابوپانے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔ریاستی حکومت دوسری لہرسے ہی حواس باختہ ہوگئی ہے توتیسری لہر کیسے کنٹرول میں لائی جائے گی؟۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی جانب سے اعلان کردہ پیکیج پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ لاک ڈاؤن کے اعلان سے پہلے ہی راحتی پیکیج، غریبوں اورقلی مزدوروں کے لیے غذائی اجناس کے پیکیج کا اعلان کیاجاناچاہئے تھا۔وہ خوش فہمی میں مبتلا تھے کہ کوروناکے اضافہ سے ان کی کرسی محفوظ ہوجائے گی،اس لیے اب انہو ں نے پیکیج کااعلان کیاہے۔
کانگریس کوتنقیدکانشانہ بناتے ہوئے یتنال نے کہاکہ کانگریس اوراپوزیشن پارٹیوں اوردانشوروں نے کووڈویکسین کے سلسلہ میں افواہیں پھیلائی کہ یہ مودی،بی جے پی ویکسین ہے،جس سے لاکھوں ویکسین ویسٹ ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ وجئے پورکے لیے مزیدویکسین کی ضرورت ہونے کے باوجوداب سپلائی نہیں کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ جانب داری سے کام نہ لیتے ہوئے، وزیرصحت کوویکسین فراہم کرنے کی ہدایت دیناچاہئے۔ ویکسین کواسمبلی حلقہ کی سطح پرتقسیم کرنے کی بجائے جس حلقہ میں ویکسی نیشن زیادہ ہوئی ہے وہاں ویکسین فراہم کرناچاہئے۔
یتنال نے یہ بھی کہا کہ وجئے پورشہرمیں 100 فیصدویکسین ڈالنے کافیصلہ کیاگیاہے۔ جوویکسین کے سلسلہ میں تنقید کررہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنے گھروں میں سوئے رہیں،ویکسین دیش پریمیوں کی دی جائے گی اور اسرائیل کی مانندوجئے پورکوماسک سے آزادشہر بنایاجائے گا۔